حضرت موسیٰ اور فرعون کا واقعہ - سمندر کا معجزہ اور جادوگروں کا ایمان

hazrat moosa aur firon ka waqia samandar ka mojza

اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کو بنی اسرائیل کی ہدایت اور دنیا کے سب سے بڑے ظالم فرعون کی اصلاح کے لیے مبعوث فرمایا۔ آپ کا شمار ان پانچ عظیم پیغمبروں میں ہوتا ہے جنہیں اولوالعزم کہا جاتا ہے۔ آپ کو کلیم اللہ کا لقب اس لیے ملا کہ اللہ رب العزت نے آپ سے کوہ طور پر بلا واسطہ کلام فرمایا۔ قرآن مجید میں آپ کا قصہ تقریباً 70 سے زائد جگہوں پر مختلف انداز میں بیان ہوا ہے تاکہ ہر دور کے انسان کو ظلم کے انجام اور صبر کا صلہ معلوم ہو سکے۔


فرعون کا ظلم اور ایک ڈراؤنا خواب

مصر کا حکمران فرعون اپنے آپ کو سب سے بڑا خدا سمجھتا تھا۔ اس نے کہا تھا `انا ربکم الاعلیٰ` یعنی میں تمہارا سب سے بڑا رب ہوں۔ اس نے بنی اسرائیل یعنی حضرت یعقوب علیہ السلام کی اولاد کو اپنا غلام بنا رکھا تھا۔ ان سے دن رات سخت مشقت لی جاتی تھی۔

ایک رات فرعون نے خواب میں دیکھا کہ بیت المقدس کی جانب سے آگ کا ایک بہت بڑا شعلہ اٹھا ہے جس نے مصر کے تمام قبطیوں کو جلا کر راکھ کر دیا ہے لیکن بنی اسرائیل کے ایک بھی گھر کو نقصان نہیں پہنچا۔ یہ خواب دیکھ کر وہ بہت خوفزدہ ہوا۔

اس نے فوراً اپنے ملک کے تمام کاہنوں، نجومیوں اور جادوگروں کو دربار میں بلایا۔ انہوں نے تعبیر بتائی کہ اے بادشاہ سلامت! جلد ہی بنی اسرائیل میں ایک ایسا بچہ پیدا ہوگا جس کے ہاتھوں تیری سلطنت تباہ ہو جائے گی اور تو خود بھی ہلاک ہو جائے گا۔

یہ سننا تھا کہ فرعون نے ایک انتہائی ظالمانہ فرمان جاری کر دیا۔ اس نے حکم دیا کہ بنی اسرائیل میں آج کے بعد جو بھی لڑکا پیدا ہو اسے پیدا ہوتے ہی قتل کر دیا جائے اور صرف لڑکیوں کو زندہ چھوڑا جائے۔ اس حکم کے بعد ہزاروں معصوم بچوں کو بے دردی سے شہید کر دیا گیا۔


حضرت موسیٰ کی معجزانہ پیدائش اور صندوق کا سفر

اسی سخت حالات میں اللہ تعالیٰ نے اپنے کلیم کو پیدا فرمایا۔ جب حضرت موسیٰ علیہ السلام پیدا ہوئے تو آپ کا چہرہ اتنا نورانی اور خوبصورت تھا کہ والدہ کو آپ سے بے پناہ محبت ہو گئی۔ لیکن ساتھ ہی اس خوف نے انہیں گھیر لیا کہ فرعون کے سپاہی اب آتے ہی ہوں گے اور میرے بچے کو بھی قتل کر دیں گے۔



اس مشکل وقت میں اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ کی والدہ کے دل میں الہام فرمایا۔ قرآن میں اللہ فرماتا ہے کہ ہم نے موسیٰ کی ماں کی طرف وحی کی کہ اسے دودھ پلاؤ، پھر جب تمہیں اس کے بارے میں خوف ہو تو اسے دریا میں ڈال دو اور ڈرو نہیں اور غم نہ کرو، بے شک ہم اسے تمہاری طرف لوٹانے والے ہیں اور اسے رسولوں میں سے بنانے والے ہیں۔

والدہ نے اللہ کے وعدے پر بھروسہ کرتے ہوئے ایک لکڑی کا صندوق بنایا، اس میں اپنے پیارے بچے کو لٹایا اور اس صندوق کو نیل کے دریا کے حوالے کر دیا۔ یہ صندوق بہتا ہوا سیدھا فرعون کے شاہی محل کے کنارے جا لگا۔

فرعون کی بیوی حضرت آسیہ جو کہ ایک بہت نیک دل خاتون تھیں اور بعد میں جن کا شمار جنت کی چار عظیم عورتوں میں ہوا، انہوں نے جب صندوق کھولا تو اس میں ایک چاند جیسا بچہ تھا۔ اللہ نے اس بچے کی محبت ان کے دل میں ڈال دی۔ جب فرعون نے اسے قتل کرنا چاہا تو حضرت آسیہ نے فرمایا کہ یہ میری اور تمہاری آنکھوں کی ٹھنڈک ہے، اسے قتل نہ کرو، ہو سکتا ہے یہ ہمیں فائدہ دے یا ہم اسے بیٹا بنا لیں۔ اللہ نے اس طرح اپنے نبی کی پرورش اس کے سب سے بڑے دشمن کے گھر میں کروائی۔

اب اللہ کی قدرت کا دوسرا کرشمہ دیکھیں۔ حضرت موسیٰ نے محل کی کسی بھی دائی کا دودھ پینے سے انکار کر دیا۔ آپ بھوک سے رو رہے تھے لیکن کسی کا دودھ نہیں پی رہے تھے۔ اسی وقت آپ کی بڑی بہن جو چھپ کر صندوق کے پیچھے آ رہی تھیں، وہاں پہنچیں اور انہوں نے کہا کہ کیا میں تمہیں ایک ایسے گھرانے کا پتہ بتاؤں جو اس بچے کی اچھی پرورش کرے گا؟ وہ فوراً اپنی والدہ کو لے آئیں۔ جیسے ہی والدہ نے آپ کو گود میں لیا آپ نے فوراً دودھ پینا شروع کر دیا۔ اس طرح اللہ نے اپنا وعدہ پورا کیا اور موسیٰ کو دوبارہ ان کی ماں کی گود میں پہنچا دیا۔


جوانی کا واقعہ اور مدین کی طرف سفر

جب حضرت موسیٰ جوان ہوئے تو اللہ نے آپ کو علم و حکمت اور بے پناہ جسمانی طاقت عطا فرمائی۔ ایک دن آپ شہر میں گھوم رہے تھے کہ آپ نے دیکھا کہ ایک قبطی یعنی فرعونی ایک بنی اسرائیلی پر ظلم کر رہا ہے۔ اس اسرائیلی نے آپ سے مدد مانگی۔ آپ نے اس قبطی کو روکنے کے لیے صرف ایک مکا مارا۔ لیکن اللہ نے آپ کے ہاتھ میں اتنی طاقت رکھی تھی کہ وہ قبطی اسی ایک ضرب سے مر گیا۔ آپ کو بہت افسوس ہوا اور آپ نے اللہ سے معافی مانگی۔

اگلے دن پھر وہی اسرائیلی ایک دوسرے شخص سے لڑ رہا تھا۔ اس نے پھر آپ کو مدد کے لیے پکارا۔ آپ نے فرمایا کہ تم تو بڑے ہی جھگڑالو آدمی ہو۔ جب آپ اس کی طرف بڑھے تو وہ ڈر گیا اور چیخ کر کہنے لگا کہ اے موسیٰ کیا تم آج مجھے بھی ویسے ہی مارنا چاہتے ہو جیسے کل تم نے ایک آدمی کو مارا تھا؟ اس کی اس چیخ سے سارے شہر میں یہ خبر پھیل گئی کہ کل والے قبطی کا قاتل موسیٰ ہی ہے۔

یہ خبر فرعون تک پہنچی تو اس نے آپ کو قتل کرنے کا حکم دے دیا۔ اسی وقت شہر کے دوسرے کنارے سے ایک مومن شخص دوڑتا ہوا آیا جس نے فرعون کے دربار کی بات سن لی تھی۔ اس نے کہا اے موسیٰ دربار والے تمہیں قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، تم فوراً یہاں سے نکل جاؤ۔ آپ فوراً مصر سے نکل کر مدین کی طرف روانہ ہو گئے۔

مدین پہنچ کر آپ نے دیکھا کہ ایک کنویں پر بہت سے چرواہے اپنی بکریوں کو پانی پلا رہے ہیں اور دو لڑکیاں اپنی بکریوں کو روکے ہوئے ایک طرف کھڑی ہیں۔ آپ نے ان سے وجہ پوچھی تو انہوں نے کہا کہ ہمارے والد بہت بوڑھے ہیں اس لیے ہم مجبوراً آتی ہیں اور ہم اس وقت تک پانی نہیں پلاتیں جب تک سب مرد چلے نہ جائیں۔ آپ کو ان پر رحم آیا، آپ نے اکیلے ہی اس کنویں کے منہ سے ایک بہت بڑا پتھر ہٹایا جسے دس آدمی مل کر ہٹاتے تھے اور ان کی بکریوں کو پانی پلا دیا۔

وہ دونوں لڑکیاں حضرت شعیب علیہ السلام کی بیٹیاں تھیں۔ ان کے والد نے آپ کی اس امانت داری اور طاقت سے متاثر ہو کر آپ سے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ اپنی دو بیٹیوں میں سے ایک کا نکاح تم سے کر دوں بشرطیکہ تم 8 سال تک میری بکریاں چراؤ۔ اور اگر 10 سال پورے کر دو تو یہ تمہاری طرف سے احسان ہوگا۔ آپ نے یہ شرط قبول کر لی اور 10 سال مدین میں قیام فرمایا۔


کوہ طور پر نبوت اور دو روشن معجزات

جب آپ 10 سال بعد اپنی اہلیہ کو لے کر مصر واپس جا رہے تھے تو رات کے وقت کوہ طور کے قریب راستہ بھول گئے۔ سردی بھی بہت تھی۔ آپ نے دور ایک روشنی دیکھی۔ آپ نے اپنی اہلیہ سے کہا کہ تم یہیں ٹھہرو، میں وہاں سے آگ لا رہا ہوں تاکہ ہم گرم ہو سکیں۔

جب آپ اس روشنی کے قریب پہنچے تو وہ آگ نہیں تھی بلکہ اللہ کا نور تھا۔ وہاں ایک درخت سے آواز آئی کہ اے موسیٰ! بے شک میں ہی اللہ ہوں، تمام جہانوں کا رب۔ اپنی جوتیاں اتار دو، تم پاک وادی طویٰ میں ہو۔ یہ وہ مقام تھا جہاں آپ کو نبوت عطا کی گئی۔

اللہ نے آپ سے پوچھا کہ اے موسیٰ تمہارے دائیں ہاتھ میں کیا ہے؟ آپ نے عرض کیا یہ میرا عصا ہے، میں اس پر ٹیک لگاتا ہوں اور اس سے اپنی بکریوں کے لیے پتے جھاڑتا ہوں۔ اللہ نے فرمایا اسے زمین پر ڈال دو۔ جب آپ نے عصا ڈالا تو وہ فوراً ایک بہت بڑا اور خوفناک سانپ بن کر دوڑنے لگا۔ آپ خوف سے پیچھے ہٹ گئے۔ اللہ نے فرمایا اسے پکڑو، ڈرو نہیں، ہم اسے دوبارہ اسی کی اصل حالت میں لوٹا دیں گے۔

دوسرا معجزہ ید بیضا تھا۔ اللہ نے فرمایا اپنا ہاتھ اپنی بغل میں ڈالو اور پھر نکالو۔ جب آپ نے نکالا تو آپ کا ہاتھ سورج کی طرح سفید اور روشن ہو کر چمکنے لگا۔ اللہ نے فرمایا یہ دو بڑی نشانیاں لے کر فرعون کے پاس جاؤ، وہ بہت سرکش ہو چکا ہے۔ آپ نے دعا کی کہ اے میرے رب میرا سینہ کھول دے، میرا کام آسان کر دے اور میری زبان کی گرہ کھول دے تاکہ لوگ میری بات سمجھیں اور میرے بھائی ہارون کو میرا وزیر بنا دے۔ اللہ نے آپ کی تمام دعائیں قبول فرمائیں۔


جادوگروں کے ساتھ تاریخی مقابلہ

حضرت موسیٰ اور حضرت ہارون علیہما السلام فرعون کے دربار میں پہنچے اور اسے اللہ کا پیغام دیا۔ فرعون نے غرور سے کہا کہ میں تمہارا سب سے بڑا رب ہوں اور میں اس اللہ کو نہیں جانتا۔ اس نے آپ کے عصا کے معجزے کو جادو قرار دیا اور کہا کہ ہم بھی تمہارے مقابلے میں اپنے جادوگر لائیں گے۔

مقابلے کے لیے عید کے دن کا وعدہ طے ہوا، جب سورج بلند ہوگا۔ میدان میں ہزاروں لوگ جمع ہو گئے۔ فرعون پورے مصر سے 70 ہزار ماہر جادوگروں کو لے آیا تھا۔ جادوگروں نے حضرت موسیٰ سے کہا کہ پہلے تم پھینکو گے یا ہم پھینکیں؟ آپ نے فرمایا تم ہی پہلے پھینکو۔

انہوں نے اپنی رسیوں اور لاٹھیوں پر جادو کر کے زمین پر پھینکا تو وہ سب کی سب سانپ بن کر لہرانے لگیں۔ دیکھنے والے لوگ خوفزدہ ہو گئے۔ حضرت موسیٰ کے دل میں بھی تھوڑا خوف آیا تو اللہ نے وحی کی کہ ڈرو مت، تم ہی غالب رہو گے، اپنا عصا ڈال دو۔

جب حضرت موسیٰ نے اپنا عصا پھینکا تو وہ ایک بہت بڑا اژدھا بن گیا اور اس نے ایک ہی لمحے میں جادوگروں کے تمام بناوٹی سانپوں کو نگل لیا۔ جادوگر تو جادو کے فن کے ماہر تھے، وہ فوراً سمجھ گئے کہ یہ جادو نہیں ہے بلکہ یہ اللہ کی طرف سے حقیقی معجزہ ہے۔ وہ سب کے سب اللہ کے حضور سجدے میں گر پڑے اور با آواز بلند کہنے لگے کہ ہم ہارون اور موسیٰ کے رب پر ایمان لائے۔

فرعون یہ منظر دیکھ کر غصے سے پاگل ہو گیا اور کہنے لگا کہ تم میری اجازت کے بغیر ہی ایمان لے آئے؟ میں تمہارے ہاتھ اور پاؤں مخالف سمت سے کٹوا دوں گا اور تم سب کو کھجور کے تنوں پر سولی دے دوں گا۔ لیکن ان جادوگروں نے کہا کہ ہمیں اس کی کوئی پرواہ نہیں، ہم اپنے رب کی طرف لوٹنے والے ہیں۔ اور اسی دن وہ سب شہید ہو گئے۔


بحر قلزم کا پھٹنا اور فرعون کا عبرتناک انجام

جب فرعون کسی طرح ایمان نہ لایا تو اللہ نے حضرت موسیٰ کو حکم دیا کہ میری قوم بنی اسرائیل کو لے کر راتوں رات مصر سے نکل جاؤ۔ آپ 6 لاکھ بنی اسرائیل کو لے کر روانہ ہوئے۔ صبح جب فرعون کو خبر ہوئی تو وہ اپنے دس لاکھ کے لشکر کے ساتھ آپ کے تعاقب میں نکلا۔

جب حضرت موسیٰ بحر قلزم یعنی لال سمندر کے کنارے پہنچے تو بنی اسرائیل نے کہا کہ اب ہم تو پکڑے گئے، آگے سمندر ہے اور پیچھے فرعون کا لشکر۔ آپ نے فرمایا ہرگز نہیں، میرا رب میرے ساتھ ہے وہ ضرور کوئی راستہ نکالے گا۔

اللہ نے حکم دیا کہ اے موسیٰ اپنا عصا سمندر پر مارو۔ جیسے ہی آپ نے سمندر پر عصا مارا تو سمندر دو حصوں میں پھٹ گیا۔ پانی دیواروں کی طرح دونوں طرف کھڑا ہو گیا اور بیچ میں 12 خشک راستے بن گئے، بنی اسرائیل کے ہر قبیلے کے لیے ایک راستہ۔ بنی اسرائیل تیزی سے ان راستوں سے دوسرے کنارے پر چلے گئے۔

فرعون نے جب یہ دیکھا تو وہ بھی اپنے لشکر کے ساتھ ان راستوں میں داخل ہو گیا۔ جب وہ عین درمیان میں پہنچا تو اللہ نے سمندر کو حکم دیا کہ آپس میں مل جاؤ۔ سمندر مل گیا اور فرعون اپنے تمام لشکر سمیت غرق ہو گیا۔ ڈوبتے وقت فرعون نے کہا کہ میں ایمان لاتا ہوں اس اللہ پر جس پر بنی اسرائیل ایمان لائے۔ لیکن اللہ نے فرمایا کہ اب ایمان لاتا ہے؟ اس سے پہلے تو تو نافرمانی کرتا رہا۔ آج ہم تیری لاش کو محفوظ رکھیں گے تاکہ تو بعد میں آنے والوں کے لیے عبرت کا نشان بنے۔

آج بھی فرعون کی وہی لاش مصر کے عجائب گھر میں محفوظ پڑی ہے اور ہر دیکھنے والے کو یہ پیغام دے رہی ہے کہ ظلم کا انجام ہمیشہ ہلاکت ہے۔

مچھلی کے پیٹ میں کون سے نبی تھے

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی